نئی دہلی،3؍جنوری(آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا (ڈی جی سی آئی) کے ذریعہ آج سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) اور بھارت بایوٹک کے کووڈ-19ویکسین کو دی جانے والی منظوری کا خیر مقدم کیا۔
اس منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے ٹویٹس میں امیت شاہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کے لیے یہ ایک اہم حصولیابی ہے۔ ڈی سی جی آئی نے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور بھارت بایوٹک کے کووڈ ویکسین کو منظوری دے دی ہے۔ میں ہندوستان کو قابل فخر بنانے کے لئے اپنے بہت ہی باصلاحیت اور جہد کار سائنس دانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نریندر مودی جی کو ہندوستان کو کوویڈ سے نجات دلانے کی کوشش کے لیے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دور اندیش قیادت ایک بہت بڑی تبدیلی لا سکتی ہے۔ ایک بار پھر ہم نے ایک نئے ہندوستان کو دیکھا ہے جو جدت طرازی اوربحران کے دوران انسانیت کی فلاح کے لیے مضطرب ہے۔ میڈ ان انڈیا ویکسین کی منظوری وزیر اعظم نریندر مودی کے خود انحصار ہندوستان کے تصور کو فروغ دینے میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔
ہم اپنے سائنسدانوں، ڈاکٹروں، طبی عملے، سکیورٹی اہلکاروں اور کورونا واریئرس کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے آزمائش کے دوران پوری طرح پوری انسانیت کی خدمت کی۔ بنی نوع انسان کے تئیں ان کی بے لوث خدمات کے لئے قوم ہمیشہ ان کا مشکور رہے گی۔